جے پور: راجستھان میں 25 نومبر کو ہونے والے آئندہ اسمبلی عام انتخابات میں حکمراں کانگریس، اپوزیشن بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور مختلف سیاسی جماعتوں سمیت 1875 امیدوار انتخابی میدان میں شرکت کر رہے ہیں۔چیف الیکٹورل آفیسر پروین گپتا نے کہا کہ اسمبلی عام انتخابات-2023 میں 200 اسمبلی حلقوں کے لیے نامزدگی واپس لینے کے بعد اب 1875 امیدوار میدان میں ہیں۔ ان میں 1692 مرد جبکہ 183 خواتین امیدوار شامل ہیں۔انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا عمل 30 اکتوبر سے شروع ہوا تھا اور 6 نومبر تک 200 اسمبلی حلقوں کے لیے 2605 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی داخل کیے تھے ۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 7 نومبر کو ہوئی تھی۔ جس میں 240 کاغذات نامزدگی مسترد اور 2365 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی درست پائے گئے ۔