جے پور: راجستھان میں 13 نومبر کو ہونے والے سات اسمبلی حلقوں کے ضمنی انتخابات میں کاغذات نامزدگی واپس لینے کے بعد اب 69 امیدوار میدان میں ہیں۔ ریاست کے چیف الیکٹورل آفیسر نوین مہاجن نے بتایا کہ پرچہ نامزدگی واپس لینے کے آخری دن بدھ تک 15 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی واپس لینے کے بعد اب ضمنی انتخاب میں 69 امیدوار رہ گئے ہیں جن میں سے دس خواتین امیدوار ہیں۔ بدھ کو کاغذات نامزدگی واپس لینے کے آخری روز 10 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے ہیں جبکہ اس سے قبل 5 امیدواروں نے اپنے نام واپس لیے تھے ۔ مہاجن نے بتایا کہ ضمنی انتخاب میں دوسہ اور کھینوسر اسمبلی حلقوں میں سب سے زیادہ 12 امیدوار مقابلہ کر رہے ہیں جبکہ سالمبر میں سب سے کم چھ امیدوار مقابلہ کر رہے ہیں۔ اسی طرح جھنجھنو اسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخاب میں 11 امیدوار، رام گڑھ اور چوراسی میں 10-10 اور دیولی۔انیارہ میں آٹھ امیدوار مقابلہ کر رہے ہیں۔