راجستھان اسمبلی میں بجٹ پیش ، مختلف سہولیات کا اعلان

   

جے پور: راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوٹ نے چہارشنبہ کے روز ریاستی بجٹ پیش کر دیا۔ راجستھان حکومت نے اس بار بھی پیپر لیس بجٹ پیش کرتے ہوئے خصوصی کووڈ پیکیج کا اعلان کیا، جس کے تحت کورونا سے متاثرہ افراد کو مالی امداد فراہم کی جائے گی۔ اس کے علاوہ روزگار کے لیے بجٹ میں سود سے پاک لون فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے، یہ لون اندرا گاندھی شہری روزگار گارنٹی منصوبہ کے تحت دیا جائے گا۔وزیر اعلیٰ اشوک گہلوٹ نے اعلان کیا کہ ریاست میں اگلے سال سے زرعی بجٹ علیحدہ سے پیش کیا جائے گا۔ ریاست میں مختلف شہروں میں منی فوڈ پارک قائم کیے جائیں گے، نیز کسانوں کو جدید سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ اگلے تین سالوں میں ایک ہزار کسان خدمت مراکز قائم ہوں گے۔ ریاست میں کھیتی کے لیے بجلی فراہم کرنے کے مقصد سے علیحدہ سے بجلی ترسیلی کمپنیاں قائم کی جائیں گی۔اشوک گہلوٹ نے کہا کہ میٹر کے ذریعہ کسانوں کو جو بل بھیجے جاتے ہیں وہ اب دو ماہ میں ایک مرتبہ ہی بھیجے جائیں گے۔ 50 ہزار کسانوں کو سولر پمپ فراہم کیے جائیں گے۔ اگلے سال سے کسانوں کو سبسڈی کے طور پر 16 ہزار کروڑ روپے کی فراہمی کی جائے گی۔
راجستھان میں مویشیوں کے مالکان کے لئے ایک علیحدہ ایمبولینس کی خدمت شروع کی جائے گی، تاکہ جانوروں کو فوری علاج مل سکے۔ نیز، ریاست میں ایک علیحدہ ویٹرنری اسپتال بھی کھولا جائے گا۔کالج اور آفس جانے والے معذور طلباء اور نوجوانوں کو 2000 اسکوٹیاں فراہم کی جائیں گی۔ تمام خواتین کو سینیٹری نیپکن دیئے جائیں گے، دیہی علاقوں میں خصوصی طور پر خواتین کو مفت سینیٹری نیپکن مہیا کرائے جائیں گے۔