جئے پور ، 25 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) راجستھان اسمبلی نے ہفتہ کو ایک قرارداد منظور کرتے ہوئے مرکز سے شہریت (ترمیمی) قانون (سی اے اے) کو منسوخ کردینے کی اپیل کی ہے، جبکہ بی جے پی نے مخالفت کرتے ہوئے برسراقتدار کانگریس کو خوشامدی کی سیاست پر عمل کرنے کا مورد الزام ٹہرایا۔ یہ اس طرح کی قرارداد منظور کرنے والی پنجاب کے بعد دوسری کانگریس زیراقتدار ریاست ہے۔ قبل ازیں کیرالا اسمبلی نے بھی سی اے اے کیخلاف قرارداد منظور کی تھی جس کیلئے برسراقتدار لیفٹ اتحاد کو اپوزیشن کانگریس زیرقیادت یو ڈی ایف کی حمایت حاصل ہوئی۔ راجستھان اسمبلی میں ندائی ووٹ سے منظورہ قرارداد میں این پی آر میں شامل نئے کالموں بھی واپس لئے جائیں۔
بی جے پی امیدوار کپل مشرا پر انتخابی مہم کیلئے 48 گھنٹے کا امتناع
نئی دہلی ۔ /25 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) الیکشن کمیشن نے دہلی اسمبلی کے الیکشن میں بی جے پی لیڈر کپل مشرا کو 48 گھنٹے انتخابی مہم میں حصہ لینے سے روک دیا ہے ۔ ان کے خلاف یہ کارروائی اس ٹویٹ کے نتیجہ میں کی گئی ہے جب انہوں نے /8 فبروری کے اسمبلی الیکشن کو انڈیا اور پاکستان کے درمیان مقابلہ کہا تھا ۔ الیکشن کمیشن نے مشرا کی ٹویٹ کو ہٹادینے کی ہدایت دی اور بی جے پی لیڈر کو وجہ بتاؤ نوٹس جاری کی۔