ابوظبی :آئی پی ایل 13 میں مستقل طور پر مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی مہندر سنگھ دھونی کی زیر قیادت چنائی سوپر کنگس اور اسٹیون اسمتھ کی سربراہی میں راجستھان رائلز کے درمیان پیر کے روز کھیلے جانے والا میچ آر پار کی جنگ ہوگا ۔ چنائی اور راجستھان کو اپنے پچھلے میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔ چنائی کو دہلی کیپٹلز نے پانچ وکٹ سے شکست دی تھی جبکہ راجستھان کو رائل چیلنجرز بنگلور نے سات وکٹوں سے ہرایا تھا ۔ چنائی اور راجستھان کی نو نو میچوں میں سے تین تین جیت اور چھ چھ ہار کے ساتھ چھ چھ پوائنٹس ہیں اور دونوں ٹیمیں پوائنٹس ٹیبل میں بالترتیب چھٹے اور ساتویں نمبر پر ہیں۔ وہ ٹیم جو چنائی اور راجستھان کے مابین میچ میں جیتتی ہے ، اس کی پلے آف کے لئے امیدیں برقرار رہیں گی۔
جبکہ ہارنے والی ٹیم کی توقعات تقریبا ختم ہوجائیں گی۔
