بھوپال : کانگریس کے سینئر لیڈر اور راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ جے رام رمیش نے آج الزام لگایا کہ مرکزی ایجنسیاں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی)، انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ (آئی ٹی) اور مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) چھتیس گڑھ اور راجستھان اسمبلی انتخابات کے دوران غلط استعمال ہو رہا ہے ۔اسمبلی انتخابات کے سلسلے میں یہاں موجود مسٹر رمیش نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ اگر کانگریس مرکز میں اقتدار میں آتی ہے تو وہ متعلقہ قوانین میں بھی ترمیم کرے گی، تاکہ مرکزی ایجنسیوں کی غیر جانبداری اور خود مختاری کو برقرار رکھا جاسکے اور حکومتوں کے ذریعہ اس کا غلط استعمال نہ ہوسکے ۔ انہوں نے کہا کہ اکثر دیکھا گیا ہے کہ حکومتیں انتخابات کے دوران اپوزیشن لیڈروں کے خلاف مرکزی ایجنسیوں کا غلط استعمال کرتی ہیں اور ان کے خلاف کارروائی شروع کر دی جاتی ہے ۔کانگریس کے مواصلاتی سربراہ مسٹر رمیش نے کہا کہ چھتیس گڑھ اور راجستھان میں کارروائی کی جا رہی ہے ، لیکن یہ ایجنسیاں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکومت والی مدھیہ پردیش میں کسی بھی بی جے پی لیڈر پر نظر کیوں نہیں رکھ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام دیکھ رہی ہے اور وہ خود اسمبلی انتخابات میں جواب دیں گے ۔ایک سوال کے جواب میں مسٹر رمیش نے کہا کہ کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے کا اپوزیشن پارٹیوں کے اتحاد ‘‘انڈیا’’ کے تعلق سے بیان بھی آیا ہے اور جو بھی اختلافات ہیں وہ اسمبلی انتخابات کے بعد حل کر لیے جائیں گے ۔کانگریس کی حکمرانی والی ریاستوں میں کانگریس کی طرف سے دی گئی ضمانتوں پر عمل درآمد نہ ہونے سے متعلق سوال کے جواب میں مسٹر رمیش نے کہا کہ کانگریس نے جو بھی وعدے کیے ہیں وہ متعلقہ ریاستوں میں پورے ہو رہے ہیں۔ مدھیہ پردیش میں بھی حکومت بننے پر کانگریس کی طرف سے کئے گئے وعدوں کو عملی جامہ پہنایا جائے گا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ مدھیہ پردیش میں بھی کانگریس کی حکومت بنے گی، چاہے بی جے پی کتنی ہی طاقت کیوں نہ لگائے ۔