جے پور ۔ راجستھان کے چھ اضلاع بھرت پور، دوسا، جے پور، جودھپور، سوائی مادھوپور اور سیروہی کے ضلع پریشد اور پنچایت سمیتی کے ارکان کے انتخاب کے لیے ووٹنگ تین مرحلوں میں ہوگی۔ الیکشن کمیشن کے مطابق پہلے مرحلے کیلئے 26 اگست، دوسرے میں 29 اگست اور تیسرے میں یکم ستمبر صبح 7.30 سے شام 5.30 بجے تک پولنگ ہوگی۔ جبکہ 4 ستمبر کو ووٹوں کی گنتی کی جائے گی۔کمیشن کے مطابق انتخابی شیڈول کے اعلان کے ساتھ ہی ان تمام 6 اضلاع کے انتخابی حلقوں میں ضابطہ اخلاق نافذ ہو گیا ہے ۔ الیکشن کمشنر پی ایس مہرا نے کہا کہ کورونا کے پیش نظر انتخابی جلسوں، عام جلسوں پر مکمل پابندی ہوگی۔ امیدوار صرف پانچ حامیوں کے ساتھ عوام سے رابطہ کر سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ انتخابات کے تین مراحل کا اعلامیہ 11 اگست کو جاری کیا جائے گا۔ پرچہ نامزدگی 16 اگست دوپہر 3 بجے تک جمع کرائے جا سکتے ہیں۔ جانچ پڑتال 17 اگست کو کی جائے گی جبکہ نام 18 اگست کی سہ پہر 3 بجے تک واپس لیے جا سکتے ہیں۔