جے پور: سچن پائلٹ نے آج کھلے طور پر اشوک گہلوت سرکار کے خلاف باغیانہ تیور دکھاتے ہوئے بڑا اعلان کردیا ۔ جن سنگھرش یاترا کے اختتام پر پیر کو راجدھانی جے پور میں منعقدہ عوامی ریلی میں پائلٹ نے گہلوت سرکار کو 15 دنوں کا الٹی میٹم دیتے ہوئے کھلی وارننگ دے ڈالی ہے ۔ پائلٹ نے کہا کہ اگر سرکار نے پیپر لیک سے متاثر امیدواروں کو معاوضہ نہیں دیا اور وسندھرا سرکار میں ہوئی بدعنوانی کی جانچ نہیں کرائی تو وہ پوری ریاست میں سرکار کے خلاف آندولن کریں گے ۔اس کے ساتھ ہی سچن پائلٹ نے آر پی ایس سی کے موجودہ نظام کو بھی تحلیل کرنے کا مطالبہ کیا ۔ پائلٹ نے کہا کہ ملائی کھانے والوں کے دھمکانے سے ڈرنے والا نہیں ہوں ۔ میں ریاست کیلئے ہر قربانی دینے کیلئے تیار ہوں ۔ پائلٹ نے الزام لگایا کہ ان کی ریلی میں آنے سے لوگوں کو روکا گیا ، لیکن میں نہ ڈرنے والا ہوں اور نہ ہی دبنے والا ہوں۔