کوالیفائر 2 میںراجستھان نے بنگلور کو ہرایا ۔ بٹلر کی زبردست سنچری
احمدآباد : اوپنر جوس بٹلر نے آئی پی ایل میں ایک اور سنچری اسکور کی جس کی مدد سے راجستھان رائلس نے آج یہاں کوالیفائر 2 میں رائل چیلنجرس بنگلور کو باآسانی 7 وکٹس سے شکست دیدی۔ سنجو سیمسن نے ٹاس جیت کر فاف ڈوپلیسی زیرقیادت ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ ویراٹ کوہلی، ڈوپلیسی، دنیش کارتک جیسے تجربہ کار کھلاڑی ناکام ہوگئے جبکہ رجت پاٹیدار نے مسلسل دوسری مرتبہ اچھی بیٹنگ کرتے ہوئے 58 رنز بنائے۔ تاہم بنگلور کا اسکور 157/8 تک محدود رہا۔ جوابی اننگز میں بٹلر نے دھواںدھار شروعات کی ۔ انہوں نے 60 گیندوں میں 10 چوکوں اور 6 چھکوں کی مدد سے 106 ناٹ آؤٹ اسکور کئے اور میچ ایوارڈ حاصل کیا۔دیگر اوپنر وائی جیسوال نے 21 ، کپتان سیمسن نے 23 رنز بنائے۔ 18.1 اوورس میں بٹلر کے چھکے کے ساتھ راجستھان نے 161/3 پر اپنی جیت درج کرائی جس نے انہیں فائنل میں پہنچادیا۔ کوالیفائر 1 میں گجرات ٹائیٹلس نے راجستھان رائلس کو شکست دیکر فائنل میں راست رسائی حاصل کرلی تھی۔ اتوار 29 مئی کو ان دونوں ٹیموں کے درمیان خطابی مقابلہ ہوگا۔