راجستھان میںپٹرول فی لیٹر 100.49روپئے

,

   

ملک میں مسلسل 10 ویں دن بھی فیول کی قیمتوں میں اضافہ ، عوام پریشان

نئی دہلی : ملک کے عوام پر مہنگائی کی مار لگاتار جاری ہے اور فیول کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ کسی صورت تھمنے کا نام نہیں لے رہا۔ملک کے متعدد شہروں میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں لگا تار آسمان چھو رہی ہیں۔ ملک کے بیشتر علاقوں میں پٹرول 100 روپے فی لیٹر سے تجاوز کر چکا ہے۔راجستھان کے گنگا نگر میں پٹرول کی قیمت 100.49 ہوگئی ہے۔بھوپال میں 97.52 ، ممبئی میں 96.32 ، بنگلورو میں 92.54 اور چینائی میں 91.68 روپئے فی لیٹر پٹرول فروخت ہورہا ہے ۔ ملک میں جمعرات کے روز پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل دسویں روز اضافہ ہوا ہے۔ دہلی میں پٹرول کی قیمت 32 پیسے فی لیٹر اضافے کے بعد 89.88 روپے فی لیٹر، جبکہ ڈیزل کی قیمت 32 پیسے اضافے کے بعد 80.27 روپے فی لیٹر تک پہنچ گئی۔دریں اثنا، بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں بھی اضافہ درج کیا گیا۔ گزشتہ روز لندن ایکسچینج میں برینٹ کروڈ کی قیمت 64 ڈالر فی بیارل سے تجاوز کر گئی۔واضح رہے کہ ملک میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمت ہر روز تبدیل ہوتی ہیں۔ دراصل تیل کی قیمتیں اس بنیاد پر طے کی جاتی ہیں کہ غیر ملکی زرمبادلہ کی شرح کے ساتھ بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں کیا ہیں۔ اسی کو دیکھ کر تیل کمپنیاں ہر روز پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں طے کرنے کا کام کرتی ہیں۔ تاہم جب کوئی گاہک تیل خریدتا ہے اس میں ایکسائز ڈیوٹی بھی جڑی ہوتی ہے جو حکومت کے کھاتہ میں جاتی ہے۔ حکومت اگر چاہے تو ایکسائز ڈیوٹی کو کم کر کے تیل کی قیمتوں کو قابو میں رکھ سکتی ہے۔گزشتہ 10 دن سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ سے عوام کافی پریشان ہیں کیونکہ اس کا اثر اشیائے ضروریہ پر بھی ہورہا ہے۔