ریاست کے 199 اسمبلی حلقوں کیلئے ووٹ ڈالے جائیں گے، ایک امیدوار کے انتقال پر الیکشن معطل
جئے پور: راجستھان میں اسمبلی انتخابات کیلئے کل ہفتہ 25 نومبر کو ووٹ ڈالے جائیں گے اور اِس سلسلے میں سبھی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ یہاں 199 اسمبلی حلقوں کیلئے ووٹنگ صبح سات بجے شروع ہوگی اور شام چھ بجے تک ووٹ ڈالے جائیں گے۔ ریاست میں کْل 200 اسمبلی سیٹیں ہیں، البتہ ایک امیدوار کے انتقال کی وجہ سے ایک سیٹ پر ووٹنگ معطل کردی گئی ہے۔کل مہم ختم ہوجانے کے بعد اب سبھی کی نگاہیں انتخابی کمیشن پر ہیں۔ آج سے کمیشن کی پولنگ ٹیمیں، پولنگ سے متعلق سامان لے کر اپنے اپنے بوتھوں کے لئے روانہ ہوجائیں گی۔ ریاست میں کْل 51 ہزار 507 پولنگ مراکز قائم کئے گئے ہیں اور دو لاکھ 75 ہزار پولنگ عملہ تعینات کیا گیا ہے۔اعلیٰ انتخابی افسر پروین گپتا نے بتایا ہے کہ 26 ہزار سے زیادہ پولنگ مراکز پر براہِ راست ویب کاسٹنگ کی جائے گی۔ اِن پولنگ مراکز پر ضلع سطح کے کنٹرول روم سے نظر رکھی جائے گی۔ اعلیٰ انتخابی افسر نے کہا کہ آزادانہ، شفاف اور پْرامن انتخابات کرانے کے لئے 6 ہزار سے زیادہ مائیکرو مشاہدین تعینات کئے گئے ہیں۔ پْرامن ووٹنگ کو یقینی بنانے کیلئے بڑی تعداد میں سکیورٹی عملہ تعینات کیا گیاہے۔ ہمارے نامہ نگار نے خبر دی ہے کہ ریاست میں 3 ہزار 383 مخصوص پولنگ بوتھ قائم کئے گئے ہیں۔