راجستھان میں اراضی کیلئے دو گروپوں میں خوفناک جھڑپ

   

بشمول 7 ملازمین پولیس 13 افراد زخمی ، ہجوم میں شامل افراد کی سنگباری اور فائرنگ، پولیس کی جوابی کارروائی
جئے پور 9 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) راجستھان کے ضلع الور میں اراضی کے مسئلہ پر پیر کو عوام کے دو گروپوں میں تصادم کے نتیجہ میں بشمول 7 ملازمین پولیس 13 افراد زخمی ہوگئے۔ عوام کے دو گروپوں کے درمیان جھڑپ کی اطلاع موصول ہونے کے بعد پولیس وہاں پہونچی تھی۔ الور کے پولیس کے ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ وشنا رام نے کہاکہ ملازمین پولیس پر حملہ کردیا جس کے نتیجہ میں چند اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ ملزمین نے پولیس پر سنگباری کی اور فائرنگ بھی کی گئی۔ پولیس نے حفاظت خود اختیاری کے لئے جوابی فائرنگ کی۔ امن و قانون کی برقراری کو یقینی بنانے زائد پولیس فورس روانہ کردی گئی ہے۔ در یں اثناء پولیس آج صبح چھ بجے پتھراؤ کرنے والے ملزمین کو گرفتار کرنے گئی تو پولیس پر پھر سے پتھراؤ اور فائرنگ کی گئی۔اس معاملے میں لکشمن گڑھ پولیس نائب سپرنٹنڈنٹ بھوپیندر شرما سمیت کئی پولیس اہلکاروں کے چوٹیں آئیں۔اس کے بعد پولیس وہاں سے واپس آگئی اور کئی تھانوں کی پولیس بائی کا باس پہنچی اور ملزمین کی گرفتاری کی کوشش کی اور دبش دی گئی،اس کے بعد بھی وہاں پولیس اور گاؤں والوں میں جھگڑا ہوا جس میں کئی گاؤں والوں کو چوٹیں آئی ہیں جنہیں بھی اسپتال میں داخل کرایاگیاہے ۔اس کے بعد پولیس سپرنٹنڈنٹ پارس دیشمکھ بھی موقع پر پہنچ گئے ہیں اور معاملے کی جانچ کررہے ہیں۔بائی کا باس میں 20بیگھہ زمین کے سلسلے میں دو فریقوں میں کافی سال سے تنازعہ چل رہاتھا۔مسٹر دیشمکھ نے بتایا کہ جسرام کی زمین پر قبضہ تھا۔اتوار کو پولیس پر پتھراؤ کیاگیا۔جس پر مقدمہ درج کرکے صبح ملزمین کو گرفتار کرنے گئی تو پولیس ٹیم پر پتھراؤ اور فائرنگ کی گئی۔جس میں کئی پولیس اہلکار زخمی ہوگئے ۔اس معاملے میں دو خواتین سمیت سات لوگوں کو گرفتار کیاگیاہے ۔