نئی دہلی: اردو ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن کے قومی صدر ڈاکٹر سید احمد خان نے راجستھان کے وزیر اعلیٰ کو ایک خط لکھ کر اردو کو معدوم ہونے سے بچانے اور اخلاقی اقدار پر مبنی تعلیم کو فروغ دینے کا مطالبہ کیا ہے ۔اردو ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن کی ریلیز کے مطابق ڈاکٹر سید احمد خان نے راجستھان کی ریاستی حکومت کو یاد دلایا کہ اردو نہ صرف ہندوستان کی اہم زبان ہے بلکہ پورے ملک میں بہت مقبول ہے ۔ آج بھی ملک کے کونے کونے میں اردو پڑھی، لکھی اور بولی جاتی ہے ۔ اس کے علاوہ ہندی کو فروغ دینے میں اردو بھی ایک موثر ذریعہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ راجستھان حکومت کا محکمہ تعلیم تنگ نظری ترک کر کے ہندوستان کی مقبول زبان اردو کو فروغ دے اور 17 جنوری 2025 کو بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن راجستھان کے جاری کردہ حکم نامے کو منسوخ کرے ، تاکہ اردو میڈیم اسکولوں کا وجود برقرار رہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ اردو میڈیم اسکول اجمیر سمیت پورے راجستھان میں آزادی سے پہلے سے قائم ہیں اور اب انہیں ہندی میڈیم اسکولوں میں ضم کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ سے اس حکم کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔