چیف منسٹر اشوک گہیلوٹ اور وسندھرا راجے کا اظہار تعزیت
جے پور، 20 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) راجستھان میں ضلع چورو کے سالاسر کے نزدیک اتوار دیر رات فارچیونر گاڑی کے ٹرک سے ٹکرا جانے سے سات افراد کی موت ہو گئی ۔ پولیس کے مطابق حادثہ رات تقریبا بارہ بجے سالاسر کے نزدیک فتح پور-سجان گڑھ قومی شاہراہ 58 پر نیاما گاؤں میں پیش آیا ۔ یہ لوگ ضلع ناگور کے ڈیگانا جا رہے تھے کہ دھند کی وجہ سے ان کی کار ٹرک سے ٹکرا گئی۔حادثے کے بعد کار میں سوار سبھی آٹھ افراد اس میں پھنس گئے ، جنہیں مقامی لوگوں کی مدد سے باہر نکالا گیا لیکن تب تک سات افراد دم توڑ چکے تھے جبکہ ایک شخص کو زخمی حالت میں سیکر اسپتال میں داخل کرایا گیا ۔ زخمی خوشی محمد ہیمت سر گاؤں کا بتایا جا رہا ہے ۔ مہلوکین میں ضلع سیکر کے فتح پور علاقے کے رہنے والے عمران خان ولد نظیر خان (32)، غازی خان (30)، عمران خان (35)، اقبال (38) اور اسلام اور فتح پور سے تعلق رکھنے والے رفیق خان اور بابو خان شامل ہیں ۔ حادثے پر وزیر اعلی اشوک گہلوت نے افسوس ظاہر کیا ہے ۔ مسٹر گہلوت نے سوشل میڈیا پر کہا کہ سڑک حادثہ کا پتہ چلنے پر انہیں گہرا دکھ ہوا، جس میں سالاسر علاقے میں سات افراد کی جان چلی گئی ۔ انہوں نے ایشور سے ان کے اہل خانہ کو قوتِ برداشت عطا کرنے اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے دعا کی ۔