کوٹہ (راجستھان ) ۔ 26 ۔ فروری (سیاست ڈاٹ کام) راجستھان کے بندی ضلع کے کوٹہ دوسہ ہائی وے پر ایک خانگی بس نہر میں گرگئی جس کے نتیجہ میں 24 افراد ہلاک اور دیگر پانچ شدید طور پر زخمی ہوگئے ۔ پولیس نے بتایا کہ بس میں شادی کی تقریب میں شرکت کیلئے جانے والے 29 افراد سوار تھے، یہ بس آج صبح کوٹہ سے سوامادھا پور جارہی تھی کہ راستہ میں ڈرائیور شیام سنگھ نے توازن کھودیا اور بس پل سے نیچے دریا میں گر گئی ۔ پولیس کے مطابق 13 افراد برسر موقع ہلاک ہوگئے جن میں ڈرائیور بھی شامل ہے جبکہ دیگر زخمیوں نے ہاسپٹل لے جانے کے دوران راستہ میں دم توڑدیا۔ چیف منسٹر راجستھان اشوک گہلوٹ نے مہلوکین کے ورثاء کو فی کس دو لاکھ روپئے معاوضہ کا اعلان کیا۔