نئی دہلی ، 19 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ نے چہارشنبہ کو راجستھان میں بڑے پیمانے پر جاری غیرقانونی سینڈ مائننگ کا سخت نوٹ لیا اور ریاستی حکومت، اس کے کلکٹروں اور ایس پیز کو اسے روکنے کیلئے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔ چیف جسٹس ایس اے بوبڈے کی سربراہی والی بنچ نے ریاستی حکومت سے اندرون چار ہفتے کارروائی رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ ریت کے غیرقانونی طور پر حصول سے ’’ماحول کو ناقابل تلافی نقصان‘‘ کا اندیشہ ہے۔جسٹس بی آر گوائی اور جسٹس سوریہ کانت بھی بنچ کا حصہ ہیں، جس نے فاضل عدالت کی مقررہ مرکزی بااختیار کمیٹی (سی ای سی) کو بھی ہدایت دی کہ غیرقانونی سینڈ مائننگ کے مسئلہ کا جائزہ لے اور اس سے نمٹنے کیلئے اقدامات تجویز کرتے ہوئے رپورٹ پیش کرے۔ بنچ نے کہا کہ سی ای سی اپنی رپورٹ چھ ہفتے میں پیش کرے گی۔