راجستھان میں عازمین حج کے قافلہ پر حملہ کی مذمت: اے پی کانگریس

   

کڑپہ /31 مئی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) آندھراپردیش کانگریس کمیٹی میناریٹی سیل نائب صدر پٹھان محمد علی خان نے یہاں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ دنوں راجستھان کے کوٹہ میں عازمین حج کے قافلے پر بجرنگ دل کارکنوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے راجستھان حکومت سے آر ایس ایس اور بجرنگ دل پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے اس موقع پر چیف منسٹر راجستھان اشوک گھلوٹ کو اس سلسلے میں لکھے گئے خط کو اخباری نمائندوں کو جاری کیا۔ محمد علی خان نے کہا کہ عازمین حج کے 2 بسوں پر بجرنگ دل کے غنڈوں نے بہیمانہ طریقہ سے حملہ کردیا جس میں خواتین اور معمر افراد بھی شدید زخمی ہوگئے ۔ جن کا اسپتال میں علاج چل رہا ہے۔ انہوں نے حکومت سے ایسے واقعات کے تدارک کیلئے اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا اور خاطیوں کو سخت سزا دینے پر زور دیا ۔