جے پور:راجستھان میں اب تمام زمروں کے صارفین کو 100 یونٹ تک مفت بجلی ملے گی۔ کسی صارف کو بجلی کے پہلے 100 یونٹ کا کوئی بل نہیں ملے گا۔ اس کے علاوہ 200 یونٹس تک بجلی پر کوئی سرچارج، مستقل چارج، بجلی کی فیس ادا نہیں کرنی ہوگی ۔ چیف منسٹر اشوک گہلوٹ نے کل رات دیر گئے یہ اعلان کیا۔اب تک صرف گھریلو صارفین کو 100 یونٹ مفت بجلی ملتی تھی۔ اب ہر زمرے کے صارفین کو اس کا فائدہ ملے گا۔ کمرشل کنکشن کو بھی 100 یونٹ بجلی مفت ملے گی۔ ماہانہ 100 یونٹ سے زیادہ استعمال کرنے والے خاندانوں کو پہلے 100 یونٹ بجلی مفت دی جائے گی، یعنی پہلے 100 یونٹ کیلئے بجلی کے چارجز ادا نہیں کرنا ہوں گے، چاہے بل کتنا ہی آئے۔ ماہانہ 200 یونٹ بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو پہلے 100 یونٹ بجلی مفت ملے گی، 200 یونٹ تک کے فکسڈ چارجز، فیول سرچارج اور دیگر تمام چارجز معاف ہیں۔ حکومت ان کی قیمت ادا کرے گی۔ چیف منسٹر گہلوٹ نے اب سرکاری اسکیموں کو سیاسی مساوات کا ذریعہ بنانے کی حکمت عملی بنائی ہے۔ وزیر اعظم مودی کی اجمیر ریلی اور سچن پائلٹ کے تین مطالبات پر الٹی میٹم کے بعد گہلوٹ نے بڑا اعلان کرکے دونوں سے توجہ ہٹانے کی کوشش کی ہے۔گہلوٹ نے بجٹ میں بھی کئی اعلانات کئے۔ کسانوں کو مفت بجلی و خواتین کو اسمارٹ فون دینے نئے اضلاع کے اعلان سے لے کر درجنوں مفت اسکیمیں شروع کی گئی ہیں۔