راجستھان میں لاک ڈاؤن پر ہو سختی سے عمل کیا جائے ۔ چیف منسٹر گہلوٹ

   

جے پور: راجستھان میں عالمی وبا کے کورونا کی دوسری لہر کی چین توڑنے آج صبح پانچ بجے سے 24 مئی تک سخت لاک ڈاؤن نافذ ہوگیا ہے ۔اس مدت کے دوران ، ہنگامی اور ضروری خدمات ، میڈیکل، دودھ اور ضروری خدمات کیلئے رعایت رہے گی۔ قبل ازیں ، چیف منسٹر اشوک گہلوٹ نے کہا کہ ریاست میں لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل کو یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ ریاست کے عوام کی زندگی کی حفاظت کیلئے لاک ڈاؤن کا اثر پہلے دن سے گاؤں تک نظر آنا چاہئے ۔ اس میں کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جانی چاہئے ۔ جو بھی شخص رہنما ہدایات کی خلاف ورزی کرے ، اس کے خلاف کارروائی کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ جانچ ، علاج ، ٹیکہ اندازی اور وسائل میں توسیع کیلئے تمام کوششوں کے ساتھ ، حکومت انفیکشن کے پھیلاؤ کو روکنے لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل کرائے گی۔ اس کے بغیر ، اس مہلک لہر کو روک پانا ممکن نہیں ہے ۔ انہوں نے ویڈیو کانفرنسوں کے ذریعے کووڈ انفیکشن ، لاک ڈاؤن اور وسائل کی دستیابی سمیت دیگر موضوعات پر ایک اعلی سطح کا جائزہ لیا اور کہا کہ کورونا انفیکشن شہروں کے ساتھ گاؤں میں بھی پھیل رہا ہے ۔ اس سے اموات کافی تشویشناک ہیں ۔ ایسی صورتحال میں ریاست کے باشندے انتہائی سنجیدگی اور ذمہ داری کے ساتھ لاک ڈاؤن پر عمل کریں۔ انہوں نے ہدایت دی کہ لوگوں کو بیدار کرنے کیلئے پولیس فورس تھانہ اور چوکی کی سطح تک فلیگ مارچ کریں۔وزیر اعلی نے محکمہ صحت سے کہا ہے کہ وہ دیہی علاقوں کے مریضوں کو ریفرل ٹرانسپورٹ کی مفت سہولت فراہم کرائیں۔