راجستھان میں کانگریس مقننہ پارٹی کا اجلاس منسوخ

   

جئے پور : راجستھان میں نئے چیف منسٹر کے انتخاب کیلئے منعقد ہونے والا کانگریس لیجسلیٹر پارٹی کا اجلاس ہنگاموں کے بعد منسوخ ہوگیا۔ چیف منسٹر گہلوت کے کانگریس صدر کے عہدہ کیلئے انتخاب میں حصہ لینے کے اعلان کے بعد راجستھان میں نئے چیف منسٹر کو لیکر تجسس برقرار تھا۔ اس ضمن میں آج سی ایل پی میٹنگ ہونے والی تھی لیکن گہلوت گروپ کے ارکان نے سچن پائلٹ کی مخالفت کی اور استعفیٰ دیدیا۔ سونیا گاندھی نے اس صورتحال میں کانگریس کے آبزرورس سے کہا کہ وہ راجستھان کے ارکان اسمبلی سے ون ٹو ون ملاقات کریں اور اس مسئلہ پر بات کریں۔ کانگریس کے سینئر قائد و مبصر اجئے ماکن نے میڈیا کو بتایا کہ وہ ان حالات میں دہلی واپس نہیں جارہے ہیں بلکہ کانگریس کے عبوری صدر سونیا گاندھی کی ہدایت پر ارکان اسمبلی سے فرداً فرداً ملاقات کریں گے۔ کانگریس کے سینئر قائد کے سی وینو گوپال نے چیف منسٹر اشوک گہلوت سے فون پر اس مسئلہ پر تفصیلی بات چیت کی۔