راجستھان میں کانگریس نے چار میں سے تین سیٹیں پر ماری بازی، جبکہ بی جے پی کو کرناٹک میں تین نشستیں ملی

   

نئی دہلی: چار ریاستوں میں راجیہ سبھا کی 16 سیٹوں پر ہوئے انتخابات کے نتائج آنا شروع ہو گئے ہیں۔ راجستھان اور کرناٹک کی چاروں سیٹوں کے نتائج آ چکے ہیں۔ راجستھان میں حکمراں کانگریس تین سیٹیں جیتنے میں کامیاب رہی ہے جبکہ ایک سیٹ بی جے پی کے کھاتے میں آئی ہے۔کانگریس کے مکل واسنک، رندیپ سرجے والا اور پرمود تیواری نے کامیابی حاصل کی ہے۔ میڈیا کے تجربہ کار سبھاش چندرا آزاد حیثیت سے میدان میں تھے، انہیں بی جے پی کی حمایت بھی حاصل تھی لیکن وہ کامیاب نہیں ہو سکے۔ چندرا کو 30 ووٹ ملے۔کانگریس کے مکل واسنک اور رندیپ سرجے والا کو اضافی ووٹ ملے۔ بی جے پی ایم ایل اے شوبھا رانی کشواہا نے کراس ووٹ دیا، بی جے پی کے سرکاری امیدوار گھنشیام تیواری کو بھی دو اضافی ووٹ ملے۔گھنشیام تیواری بھی جیت گئے ہیں راجستھان کے تمام 200 ایم ایل اے نے جمعہ کو راجیہ سبھا انتخابات کے لیے ووٹ دیا۔ اسی طرح ہریانہ میں 90 میں سے 89 ایم ایل ایز نے اپنا ووٹ ڈالا۔ آزاد ایم ایل اے بلراج کنڈو نے کسی کو ووٹ نہ دینے کا اعلان کیا تھا۔ دوسری طرف کرناٹک کا نتیجہ راجستھان کے برعکس رہا ہے۔ کرناٹک میں حکمراں بی جے پی نے تین سیٹوں پر قبضہ کر لیا ہے جبکہ ایک سیٹ کانگریس کے کھاتے میں گئی ہے۔ جے ڈی ایس کا کھاتہ بھی نہیں کھولا جا سکا۔