جے پور: راجستھان کے سابق نائب وزیر اعلیٰ اور کانگریس لیڈر سچن پائلٹ نے کہا کہ ریاست میں آئندہ اسمبلی انتخابات میں ہم سب متحد ہوکر لڑیں گے اور دوبارہ کانگریس کی حکومت بنائیں گے ۔ پائلٹ نے چہارشنبہ کو مارٹر میموریل پر کانگریس لیڈر راہل گاندھی کی حمایت میں منعقد خاموش انشن میں شرکت کے موقع پر میڈیا سے یہ بات کہی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کانگریس صدر ملک ارجن کھڑگے نے حال ہی میں دہلی میں میٹنگ بلائی تھی اور ہم سب مل کر الیکشن لڑیں گے ۔ اس بار ہم راجستھان میں پچھلے 25 سال سے جاری ترتیب کو توڑ کر کانگریس کی حکومت بنائیں گے ۔ انہوں نے کہا، میں نے جن مسائل کو اٹھایا، پیپر لیک، آر پی اے سی ممبران کے انتخاب میں شفافیت اور بدعنوانی، پارٹی اور حکومت نے ان تینوں معاملات پر اتفاق کیا ہے اور آنے والے اجلاس میں اس بارے میں قواعد و ضوابط بنائے جائیں گے ۔ریاستی حکومت پبلک سروس کمیشن (آر پی اے سی) میں پیپر لیک اور ممبران کے انتخاب دونوں مسائل کو حل کرکے آگے کی راہ ہموار کرے گی تاکہ نوجوانوں کے مستقبل کو محفوظ بنایا جاسکے ۔ ہم سب کی ترجیح یہ ہے کہ نوجوانوں میں اعتماد پیدا ہو اور پیپر لیک ہونے کا سلسلہ ختم ہو، لوگوں کو سزا دی جائے اور سخت قانون بنا کر ملزم کو سزا دی جائے ، چاہے وہ کتنا ہی بڑا کیوں نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ آر پی اے سی میں اچھے آدمیوں کی تقرری کی جائے تاکہ کوئی اس پر انگلی نہ اٹھا سکے ۔