راجستھان میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 60ہوگئی

   

جے پور۔30 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) راجستھان میں کورونا وائرس سے متاثر لوگوں کی تعداد بڑھکر 60ہوگئی ہے ۔موصول اطلاع کے مطابق ایران سے لائے گئے ہندوستان شہریوں میں آج صبح ایک شخص کورونا پازیٹو پایا گیا ہے ۔ایران سے ایئرلفٹ کرکے جودھپور لائے گئے لداخ کے رہنے و الے 41سال کے اس شخص کی کورونا جانچ پازیٹو آئی ہے ۔اسے فوج کے ویلنیس سینٹر سے شہر کے ایم ڈی ایم اسپتال میں داخل کرایاگیاہے ۔یہ ایران سے گزشتہ 25مارچ کو جودھپور لائے گئے 277ہندوستانی شہریوں کے گروپ میں شامل تھا۔حالانکہ متاثرکی بزرگ ماں کی جانچ رپورٹ نگیٹو بتائی جارہی ہے ۔ایران سے اب تک 1036ہندوستانیوں کو لایا گیاہے ۔ان میں سے 552کو جودھپور جبکہ 484کو جیسلمیر میں فوج کے ذریعہ تیار ویلنیس سینٹر میں رکھا گیا ہے ۔راجستھان میں کورونا متاثرین کی تعداد سب سے زیادہ 25بھیلواڑا میں ہے جبکہ جے پورمیں دس ،جھنجھنوں میں سات جودھپور میں سات،اجمیر میں چار لوگ شامل ہیں۔دارالحکومت جے پور کے سات تھانہ علاقوں ،بھیلواڑا اور ریاست کے کچھ مقامات پر لگائے گئے کرفیو میں ضرورت مندوں کو ضروی اشیا مہیا کرائی جارہی ہے وہیں لاک ڈاؤن میں ریاست میں اس پر عمل اور لوگوں کو ضروری اشیا کی دقت نہ ہواس کے لیے انتظام کیاگیا ہے ۔