بھلواڑہ،26مارچ(سیاست ڈاٹ کام)کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے راجستھان میں بھلواڑہ ضلع میں لگائے گئے کرفیو کے ساتویں روز بھی اس میں نرمی نہیں کی گئی۔ ضروری اشیائخوردونوش کی فراہمی کی شروعات نہ ہوپانے سے عوام کو سخت دقتوں کا سامنا ہے ۔عام گھروں میں کھانے پینے کی اشیاء کی قلت پیدا ہو گئی ہے ۔علاقہ کی سبھی آٹا چکیاں بند پڑی ہیں۔حالانکہ ریاستی حکومت نے بدھ کی شب میں ہی فلور مل کھلوانے کے احکام جاری کر دئے تھے ،لیکن بھلوارہ میں یہ شاید ابھی تک نہیں پہنچے ہیں۔ضلع مجسٹریٹ راجندر بھٹ کے ذریعہ راشن سے متعلق جاری کردہ سرکاری احکام کی کاپیاں تمام گھروں تک پہنچ چکی ہیں۔لیکن عوامی تقسیم کا نظام اور راشن کا سامان گھر گھر پہنچانے کے سرکاری دعوے ناکام ہو گئے ہیں۔عوام کو مجبوراً کھانا اور دوا وغیرہ کا انتظام کرنے کے لئے اپنے گھروں سے نکلنا پڑ رہا ہے ۔انتظامیہ نے جمعرات سے ہری سبزی پہنچانے کی ہدایت کی خبریں نشر کروائیں لیکن زرعی منڈی افسران نے کوئی پہل نہیں کی۔آر کے کالونی چھوٹی پلیا پر سو سے زائد افراد صبح 9بجے سبزی کے لئے گھروں سے نکل کر آگئے لیکن ایک گھنٹہ انتظار کے بعد پولیس کے سائرن سے گھروں میں چلے گئے ۔