جے پور: راجستھان میں اسمبلی کے عام انتخابات- 2023 کی ڈیوٹی پر تعینات تین لاکھ سے زیادہ انتخابی اہلکاروں نے اب تک پوسٹل بیلٹ کے ذریعے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا ہے ۔ریاست کے چیف الیکٹورل آفیسر پروین گپتا نے بتایا کہ اب تک تمام اضلاع میں قائم کیے گئے سہولیتی مراکز پر اہلکاروں، پولس افسران وغیرہ کے ذریعہ تین لاکھ ایک ہزار 875 ووٹ ڈالے جاچکے ہیں۔ اس سلسلے میں منگل کے روز 30 ہزار 239 پولنگ اہلکاروں نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ گپتا نے کہا کہ ریاست کے تمام اسمبلی حلقوں اور دیگر اضلاع میں انتخابی ڈیوٹی پر تعینات افسران اور ملازمین کیلئے پوسٹل بیلٹ کے ذریعے ووٹ ڈالنے کیلئے مراکز قائم کیے گئے ہیں، جہاں 24 نومبر تک ووٹنگ کی جا سکتی ہے ۔انہوں نے ہدایات دی ہیں کہ ان مراکز کے علاوہ ہر ریٹرننگ افسر 22 سے 24 نومبر تک اپنے دفتر میں سنٹر کے قیام کو یقینی بنائے گا۔
