راجستھان نے اگست میں 85 سال میں سب سے کم بارش ریکارڈ کی

   

نئی دہلی: محکمہ موسمیات کے حکام نے کہا ہے کہ راجستھان میں گزشتہ 85 سال میں پہلی بار اگست کے مہینے میں سب سے کم بارش ہوئی ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ اگست میں راجستھان میں اوسط سے 80 فیصدکم بارش ہوئی اورگزشتہ117 سال میں یہ تیسرا سیزن ہے جب اگست کے مہینے میں سب سے کم بارش ہوئی ہے۔ حکام نے بتایا کہ راجستھان میں اگست کے مہینے میں اوسط بارش تقریباً 155.7 ملی میٹر ہے۔ تاہم، راجستھان میں تقریباً 30.9 ملی میٹر بارش ہوئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے حکام نے کہا ہے کہ ای آئی نینوکے زیر اثر اگست میں صورتحال مزید خراب ہوئی اور ستمبر کے مہینے میں بھی موسم کی یہی صورتحال رہنے کا امکان ہے۔ 85 سالوں کے بعد اگست 2023 میں 30.9 ملی میٹر بارش ہوئی ہے۔ راجستھان میں اگست میں سب سے کم بارش 15.2 ملی میٹر ہے، جو1905 میں ہوئی تھی۔ 1937 میں راجستھان میں اگست کے مہینے میں 27.4 ملی میٹر کے قریب بارش ہوئی تھی۔ 2022 میں اگست میں راجستھان میں50 ایم ایم سے زیادہ بارش ہوئی تھی۔ عہدیداروں نے بتایا کہ اگست کے مہینے میں31 میں سے 10 دن پوری ریاست میں خشک موسم رہا۔ ہلکی بارش یا بوندا باندی ریاست میں صرف ایک یا دو مقامات پر صرف پانچ دنوں کی مدت کے لیے دیکھی گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگست میں راجستھان میں سب سے کم بارش گنگا نگر ضلع میں ہوئی ہے۔ ضلع میں اوسط بارش صرف 0.3 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ اسی طرح باڑمیر میں بھی اگست میں صرف 0.4 ملی میٹر بارش ہوئی۔ کرولی میں سب سے زیادہ 213.7 ملی میٹر بارش ہوئی، لیکن یہ بھی معمول سے نو فیصد کم ہے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ سیکر، جالور، چورو، بیکانیر، باڑمیر، گنگا نگر، جیسلمیر اور جودھپور میں اگست میں بالکل بارش نہیں ہوئی۔