راجستھان: پنچایت و ضلع پریشد انتخابات میں کانگریس کو دھکہ

   

بی جے پی سب سے آگے، وزیراعظم نریندر مودی کی پالیسیوں کے باعث کامیابی

جئے پور : راجستھان میں حکمران کانگریس کو شدید دھکہ پہنچا ہے۔ زعفرانی پارٹی بی جے پی نے حالیہ منعقدہ پنچایت سمیتی انتخابات میں 1,911 سیٹیں حاصل کی ہیں جبکہ کانگریس 1,781 سیٹوں پر سمٹ کر رہ گئی۔ ان انتخابات میں آزاد امیدواروں کو 425 سیٹیں ملی ہیں۔ بہوجن سماج پارٹی 3 نشستیں حاصل کی جبکہ سی پی آئی ایم نے 16 نشستوں پر قبضہ کیا ہے۔ آر ایل پی کو 57 نشستیں ملی ہیں۔ ریاستی الیکشن کمیشن کے ویب سائیٹ کے مطابق اب تک 4371 کے منجملہ 4239 نشستوں کے نتائج کا اعلان کیا گیا ہے۔ ووٹوں کی گنتی ہنوز جاری ہے۔ بی جے پی پنچایت سمیتی انتخابات میں متواتر کامیاب ہورہی ہے جہاں پر اس نے ضلع پریشد انتخابات میں بھی کامیابی حاصل کی ہے۔ اسے 353 نشستیں ملی ہیں اور کانگریس کے حق میں 252 نشستی آئیں۔ سی پی آئی ایم کو 2، آزاد امیدواروں کو 18 اور راشٹریہ لوک تنترک پارٹی کو 10 پر کامیابی ملی ہے۔ بی جے پی کے ریاستی صدر ستیش پنیا نے کہا کہ بی جے پی کی جدید پالیسیوں پر عوام نے اپنی رضامندی کی مہر ثبت کردی ہے۔ یہ نتائج وزیراعظم نریندر مودی کی پالیسیوں کا مظہر ہیں۔ کسانوں کیلئے مودی کی نظریاتی پالیسیاں کام کرگئیں۔ بی جے پی کی یہ کامیابی پارٹی کے ورکرس کی جدوجہد کا بھی نتیجہ ہے۔ پنچایت اور ضلع پریشد کے انتخابات میں بی جے پی کی یہ کامیابی ایک ایسے وقت ہوئی جب مودی حکومت کی پالیسیوں کے خلاف راجستھان میں کانگریس حکومت کی زیرقیادت احتجاج کیا جارہا ہے۔ کانگریس نے منگل کے بھارت بند کی بھی تائید کی تھی۔