راجستھان : پولیس اسٹیشن پر گینگ کا حملہ ‘ مطلوب ملزم کے ساتھ فرار

   

جئے پور 6 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) راجستھان کے الور میں تقریبا دو درجن افراد نے بہرور پولیس اسٹیشن پر حملہ کردیا اور اے کے 47 رائفلوں سے بے دریغ فائرنگ کردی اور وہ ایک مطلوب گینگسٹر وکرم عرف پاپلا گرجر کے ساتھ فرار ہوگئے جو تحویل میں تھا ۔ حملہ کے وقت پولیس عملہ متصل کمرے میں چھپ گیا تھا اور اپنی جانیں بچانے کی فکر میں تھا ۔ بعد میں انہوں نے اعلی عہدیداروں کو اس کی اطلاع دی جس کے بعد سپرنٹنڈنٹ پولیس امن دیپ سنگھ وہاں پہونچ گئے ۔ انہوں نے کہا کہ حملہ آوروںکا تعلق ہریانہ سے تھا ۔ انہوں نے صبح 8.45 بجے پولیس اسٹیشن پر حملہ کیا اور گرجر کے ساتھ فرار ہوگئے جو ہریانہ میں کئی قتل مقدمات میں مطلوب تھا اور اسے جمعرات کو گرفتار کیا گیا تھا ۔ پولیس ذرائع نے کہا کہ یہ گینگ پہلے بھی گرجر کو ساتھ لیجانے میں کامیاب ہوئی تھی جب اسے ہریانہ میں عدالت لیجایا جارہا تھا ۔