راجستھان کابینہ میں ردوبدل ، 15 وزراء نے حلف لیا

,

   

Ferty9 Clinic

۔ 12 نئے اور 3 وزرائے مملکت کو کابینی درجہ ، راج بھون میں رنگارنگ تقریب

جئے پور : راجستھان کابینہ میں آج ردوبدل کیا گیا جس کا طویل عرصہ سے انتظار کیا جارہا تھا۔ راج بھون میں منعقدہ تقریب میں جملہ 15 وزراء نے عہدہ اور رازداری کا حلف لیا۔ 12 نئے اور 3 وزرائے مملکت کو کابینی درجہ دیا گیا ہے۔ حلف برداری تقریب سے قبل چیف منسٹر راجستھان اشوک گہلوٹ اور ریاست میں پارٹی امور کے انچارج اجئے ماکن نے جئے پور کے پارٹی آفس میں ارکان اسمبلی اور پارٹی قائدین سے خطاب کیا۔ چیف منسٹر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کانگریس پارٹی 2023ء میں منعقد ہونے والے اسمبلی انتخابات میں کامیابی حاصل کرے گی۔ 16 ماہ قبل اس وقت کے ڈپٹی چیف منسٹر سچن پائلٹ کے عہدہ چھوڑنے اور بغاوت کے اعلان کے بعد حکومت خطرہ میں آگئی تھی۔ تاہم اعلیٰ قائدین کی مداخلت کے بعد گہلوٹ حکومت پر سے خطرہ ٹل گیا تھا۔ سچن پائلٹ کے وفادار رمیش مینا اور وشویندر سنگھ وزارت میں واپس آگئے ہیں جبکہ برجیندر سنگھ اولا، ہیمارام چودھری اور مرلی لال مینا کو کابینہ میں داخلہ مل گیا ہے۔ تقریباً دیڑھ سال کے عرصہ کے بعد کابینہ میں ردوبدل کیا گیا۔ سچن پائلٹ نے کہا کہ کابینہ میں ردوبدل سے ریاست کے عوام میں ایک اچھا پیام گیا ہے۔ نئی کابینہ میں سچن پائلٹ کے وفاداروں کو شامل کرتے ہوئے یہ واضح اشارہ دیا گیا ہیکہ آئندہ اسمبلی اجلاس میں پارٹی متحد ہوکر مقابلہ کرے گی۔ 15 وزراء میں 11 کابینی اور 4 مملکتی وزراء نے آج حلف لیا۔ گورنر کلراج مشرا نے نئے وزراء کو عہدہ اور رازداری کا حلف دلایا۔ پارٹی ذرائع نے بتایا کہ 15 پارلیمانی سکریٹریز اور 7 مشیروں کا چیف منسٹر کیلئے تقرر کیا جائے گا۔ مملکتی وزراء میں راجندر گڈا اور زاہدہ خان بھی شامل ہیں جنہوں نے مملکتی وزراء کی حیثیت سے حلف لیا۔