جے پور: راجستھان کے سابق نائب وزیر اعلیٰ سچن پائلٹ نے ریاست میں وزیر اعلیٰ کی تبدیلی سے متعلق صورتحال پر کئی دنوں کے بعد آج اپنی خاموشی توڑتے ہوئے کہا کہ راجستھان اور پارٹی میں عدم فیصلہ کے ماحول کو ختم کرنے کا وقت آ گیا ہے ۔ پارٹی اس پر فوری کارروائی کرے گی۔ پائلٹ نے آج یہاں اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے یہ بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ 25 ستمبر کو کانگریس ایم ایل ایز کی میٹنگ بلائی گئی تھی، مبصرین آئے تھے لیکن ایسا نہیں ہوسکا اور اس کے بعد وزیرراعلی نے پارٹی ہائی کمان سے معافی مانگی تھی۔ ملکارجن کھرگے اور اجے ماکن، جو اس معاملے میں پارٹی مبصر کے طور پر آئے تھے ، نے اسے سنجیدگی سے لیا۔ اسے ڈسپلن کا معاملہ سمجھا گیا اور تین فریقین کو نوٹس بھی دیے گئے ۔ معلوم ہوا ہے کہ نوٹس کا جواب بھی دے دیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں جلد فیصلہ کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ پارٹی میں کوئی کتنا ہی بڑا آدمی کیوں نہ ہو اصول و ضوابط سب پر لاگو ہوتے ہیں۔ کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے ابھی اقتدار سنبھالا ہے ، یہ نہیں ہو سکتا کہ نظم و ضبط پر غور کیا گیا ہو اور اس پر فیصلہ نہ کیا جائے ۔ اس بارے میں جلد فیصلہ کیا جائے گا۔