جیسلمیر۔ 4مارچ (سیاست ڈاٹ کام)راجستھان کے جیسلمیر میں گھومنے آئے اٹلی کے سیاح میں کرونا وائرس کی تصدیق کے بعد ضلع کے طبی اور صحت محکمہ حرکت میں آگئی ہے ۔محکمہ صحت نے منگل کو دیر رات متعلقہ سیاح کے رابطے میں آئے لوگوں کی فہرست بنائی۔ اس کے علاوہ ہوٹل ملازموں سمیت چالیس لوگوں کی نگرانی شروع کردی گئی ہے ۔ یہ سیاح دیگر بیس لوگوں کے گروپ کے ساتھ 23 اور 24 فروری کو جیسلمیر کی سم روڈمیں واقع ایک ہوٹل میں ٹھہرا تھا۔ اس کی وجہ سے ہوٹل کے 13 کمرے مقفل کردیئے گئے ہیں۔محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق پندرہ دنوں تک متعلق ہوٹل اسٹاف اور شناخت کئے گئے مقامی لوگوں پر خصوصی نگرانی کی جائے گی۔ ضلع انتظامیہ اور محکمہ صحت کے لئے تشویش کی وجہ یہ ہے کہ کرونا وائرس سے متاثراٹلی کے شہری اپنی اہلیہ اور گروپ کے ساتھ جیسلمیر کے سیاحتی مقامات پرآزادانہ گھوم کر گئے ہیں۔طبی افسر ڈاکٹر بی کے باروپال نے بتایا کہ اٹلی کے سیاح کے رابطہ میں آئے لوگوں پر نگرانی رکھی جارہی ہے ۔ البتہ اٹلی کا یہ سیاح 15 دن پہلے آیا تھا۔ اس کے بعد کوئی مریض سامنے نہیں آیا پھربھی پوری احتیاط برتی جارہی ہے ۔ضلع کلکٹر نمت مہتہ نے بتایا کہ محکمہ صحت کی گائڈ لائن کے مطابق ائرپورٹ پر اسکریننگ پوائنٹ قائم کئے گئے ہیں۔ سبھی ہوٹلوں کو ایڈوائزری جاری کئے گئے ہیں۔ آنے والے سیاحوں پر پوری نگرانی کی جارہی ہے ۔ سردی، کھانسی، زکام، بخار کی صورت میں بھی ان کی اسکریننگ کرائی جائے گی۔