جے پور: راجستھان کی سولہویں اسمبلی کا پہلا اجلاس چہارشنبہ سے شروع ہوگیا۔پہلا سیشن دو دن تک چلے گا جس کے پہلے دن عارضی اسمبلی اسپیکر کالی چرن صراف نے نومنتخب اراکین اسمبلی کو حلف دلانا شروع کیا اور سب سے پہلے وزیر اعلیٰ بھجن لال شرما نے اسمبلی ممبرکا حلف لیا۔ شرما نے ہندی میں حلف لیا۔ اس کے بعد نائب وزیر اعلیٰ دیا کماری اور پریم چند بیروا نے اسمبلی ممبران کے طور پر حلف لیا۔بعد ازاں دیگر نو منتخب اراکین کی حلف برداری کا عمل شروع ہوا اور سابق وزیر اعلی اشوک گہلوت سمیت کانگریس ایم ایل اے گووند سنگھ ڈوٹاسرا اور کئی دیگر کانگریس ایم ایل اے نے اسمبلی ممبران کے طور پر حلف لیا۔ اسی طر ح بی جے پی کے کئی ایم ایل ایز نے حلف لیا اور دوپہر تک سو سے زیادہ ایم ایل ایزحلف لے چکے تھے ۔اس دوران کولیات اسمبلی حلقہ سے نومنتخب ایم ایل اے انشومن سنگھ بھاٹی نے راجستھانی زبان میں حلف لینا شروع کیا۔ اس پر عارضی اسپیکر نے مداخلت کرتے ہوئے کہا کہ راجستھانی زبان آٹھویں شیڈول میں شامل نہیں ہے ، اس لیے راجستھانی زبان میں حلف نہیں دلایا جا سکتا۔ اس کے بعد بھاٹی نے ہندی میں حلف لیا۔ اسی طرح دیگر دو نو منتخب ایم ایل ایز نے بھی راجستھانی زبان میں حلف لینے کی خواہش ظاہر کی۔اس دوران بی جے پی کے جوگیشور گرگ سمیت تقریباً ایک درجن نو منتخب ایم ایل ایز نے سنسکرت میں حلف لیا۔کئی نو منتخب ایم ایل ایز اپنے روایتی لباس میں ایوان میں پہنچے اور زیادہ تر ایم ایل ایز پگڑیاں پہن کر آئے ۔ گہلوت سمیت کانگریس کے تمام ارکان پارلیمنٹ میں اپوزیشن ارکان پارلیمنٹ کی معطلی کیخلاف احتجاج کرنے کیلئے سیاہ پٹیاں باندھ کر ایوان میں پہنچے ۔