جے پور: ہریانہ کے پڑوسی نوح ضلع میں تشدد کے بعد منگل کو راجستھان کے بھرت پور ضلع کے چار علاقوں میں انٹرنیٹ خدمات کو معطل کر دیا گیا ہے۔ڈویڑنل کمشنر سنورمل ورما نے پہاڑی، کمان، نگر، سیکری میں آج صبح 6 بجے سے اگلے 24 گھنٹے تک انٹرنیٹ معطل کرنے کا حکم دیا ہے۔ڈویڑنل کمشنر نے حکم نامے میں کہا کہ سماج دشمن عناصر بھرت پور میں امن و امان کو خراب کرنے کی کوشش کر سکتے ہیں۔ ڈیویژنل کمشنر نے کہا کہ ایسی صورت حال میں فرقہ وارانہ کشیدگی پھیلنے کے امکان کو مسترد نہیں کیا جا سکتا۔ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے انٹرنیٹ خدمات کو معطل کرنا ضروری ہے۔ اس لیے براڈ بینڈ اور لیزڈ لائن خدمات کے علاوہ انٹرنیٹ پر پابندی ہے۔ایس پی مردل کچاوا نے کہا کہ بھرت پور پولیس کو چوکس کردیاگیا ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ نوحا میں نکالی جانے والی بھگوا یاترا بھرت پورکو متاثر نہ کرے۔ ہریانہ کی سرحد پر پولیس فورس تعینات کرکے نگرانی بڑھا دی گئی ہے۔صبح یہاں فلیگ مارچ کیا گیا۔گوپال گڑھ پولیس اسٹیشن کی ایک ٹیم ناصر جنید قتل مقدمہ کے ملزمین کو پکڑنے کے لیے ہریانہ میں ہے۔ اس معاملے میں اب تک تین ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔