راجستھان کے ضلع میں 800 معمر اور معذور ووٹرس گھرسے ہی ووٹ ڈالیں گے

   

جے پور: راجستھان کے چورو ضلع کی سردارشہر سیٹ کے لیے 5 دسمبر کو ہونے والے آئندہ ضمنی انتخاب کے لیے تقریباً 800 بوڑھے اور معذور ووٹر گھر بیٹھے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں گے ۔ ریاست کے چیف الیکٹورل آفیسر پروین گپتا نے بتایا کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا نے 80 سال سے زیادہ عمر کے معمر ووٹرز اور معذور ووٹروں کو گھر بیٹھے ہی ووٹ ڈالنے کی سہولت فراہم کی ہے اور اس سہولت کے تحت سردارشہر ضمنی انتخاب میں یہ ووٹر 24 سے 29 نومبرتک اپنے گھرسے ہی ووٹ ڈال سکتے ہیں۔ گپتا نے کہا کہ گھر بیٹھے ووٹ ڈالنے کے لیے 797 درخواستیں موصول ہوئی ہیں اور ان میں 80 سال سے زیادہ عمر کے 690 ووٹر اور 107 معذور ووٹر شامل ہیں جوگھر بیٹھے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ گھرسے ہی ووٹنگ کی سہولت فراہم کرنے کے لیے 20 پولنگ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو 24 سے 29 نومبر کے درمیان ان ووٹرز سے گھر گھر ووٹنگ کروائیں گی۔