راجستھان 2030 تک سرکردہ ریاست بنے گی: گہلوٹ

   

جے پور: راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوٹ نے کہا ہے کہ ریاستی حکومت کے موثر انتظام کی وجہ سے راجستھان ہر میدان میں ترقی کر رہا ہے اور سب کے تعاون سے سال 2030 تک ملک کی سرکردہ ریاست بنے گا۔گہلوٹ ہفتہ کوسانچور میں 2210 کروڑ روپے کی لاگت سے مختلف ترقیاتی کاموں کا افتتاح ۔سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی انوکھی فلاحی اسکیموں کو ملک بھر میں سراہا جا رہا ہے ۔ گہلوٹ نے کہا کہ ریاست کی ترقی کو مزید تیز کرنے کیلئے 19 نئے اضلاع کا اعلان کیا گیا ہے۔ سانچور کو ضلع بنانے سے علاقہ تیزی سے ترقی کرے گا۔ یہاں مختلف انتظامی یونٹس کے قیام سے عوام کے مسائل جلد حل ہوں گے ۔ عام آدمی کیلئے بنیادی سہولیات تک رسائی کو بھی آسان بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس علاقے کی پینے کے پانی اور آبپاشی کی ضروریات کو پورا کرنا ریاستی حکومت کی ترجیح ہے ۔ اس کیلئے مسلسل کام جاری ہے ۔ گہلوٹ نے کہا کہ راجستھان تعلیم اور صحت کے میدان میں ملک کی سرکردہ ریاستوں میں شامل ہوگیا ہے ۔