راجناتھ سنگھ کا تین روزہ دورۂ فرانس

   

نئی دہلی ۔ 7 اکتوبر ۔(سیاست ڈاٹ کام) وزیر دفاع راجناتھ سنگھ پیر کے دن پیرس کے لئے روانہ ہوگئے اُن کا یہ اولین سرکاری دورۂ فرانس ہوگا جس کے دوران وہ 36 رافیل لڑاکا جٹ طیاروں کی پہلی کھیپ حاصل کریں گے اور اُن کی بات چیت وسیع تر موضوعات پر لورینس پارلیمنٹ میں باہمی تعلقات کے سلسلے میں منعقد ہوگی ۔ وہ جمعرات کے دن صدر فرانس ایمانیول مائیکرون سے ملاقات کریں گے اور باہمی مسائل کی یکسوئی کے سلسلے میں بات چیت کریں گے ۔ وہ فرانس کے ساحلی شہر بورڈو کا بھی دورہ کریں گے ۔ وہ ’’شستر پوجا ‘‘ جو دسہرہ کے سلسلے میں کی جاتی ہے انجام دیں گے ۔ یہیں پر اُنھیں ڈسالٹ ایویشن کی جانب سے جٹ لڑاکا طیارے سربراہ کئے جائیں گے ۔ وہ سالانہ دفاعی مذاکرات منعقد کریں گے جس میں دونوں ممالک دفاعی تعلقات میں مزید اضافہ کے امکانات تلاش کریں گے ۔ 9 اکتوبر کو وہ صفحہ اول کی فرانسیسی دفاعی کمپنیوں کے سی ای اوز سے خطاب کریں گے اور وزیراعظم نریندر مودی کا نظریہ برائے فرانس تفصیل سے اُن کے سامنے پیش کریں گے ۔ بعد ازاں وہ وطن واپس ہوں گے ۔