پریڈ گراؤنڈ پر جلسہ کی تیاریاں، سرکاری انعقاد کا حکومت سے مطالبہ
حیدرآباد۔ 7 ستمبر (سیاست نیوز) مرکزی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ 17 ستمبر کو سقوط حیدرآباد کے موقع پر بی جے پی کی جانب سے پریڈ گراؤنڈ پر ہونے والے ’تلنگانہ لبریشن ڈے‘ تقاریب میں شرکت کریں گے۔ بی جے پی نے تلنگانہ لبریشن ڈے کے پڑے پیمانے پر انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔ ریاستی صدر رامچندر راؤ نے ارکان پارلیمنٹ و اسمبلی کے ساتھ اجلاس میں لبریشن ڈے کی کامیابی کی حکمت عملی تیار کی ہے۔ راجناتھ سنگھ سکندرآباد کے کنٹونمنٹ پارک میں سابق وزیر اعظم آنجہانی اٹل بہاری واجپائی کے مجسمہ کی نقاب کشائی انجام دیں گے۔ واضح رہے کہ مرکزی حکومت 2022 سے ہر سال تلنگانہ لبریشن ڈے کا سرکاری طور پر انعقاد عمل میں لارہی ہے۔ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے 2022 اور 2023 میں اس پروگرام میں شرکت کی تھی جبکہ 2024 میں مرکزی وزیر کشن ریڈی مہمان خصوصی تھے اور انہوں نے قومی پرچم لہرایا۔ ریاستی صدر رامچندر راؤ نے الزام عائد کیا ہے کہ کانگریس حکومت لبریشن ڈے کے سرکاری طور پر انعقاد کے لئے تیار نہیں ہے۔ پریڈ گراؤنڈ کے جلسہ عام میں ریاست کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے پارٹی کارکن شرکت کریں گے۔ راجناتھ سنگھ کے علاوہ مرکزی وزراء جی کشن ریڈی، گجیندر سنگھ شیخاوت، مرکزی مملکتی وزیر داخلہ بنڈی سنجے کمار، مہاراشٹرا اور کرناٹک میں سابق ریاست حیدرآباد کے علاقوں سے تعلق رکھنے والے قائدین اور مجاہدین آزادی شرکت کریں گے۔ نظام حکومت کے خلاف جدوجہد کرنے والے مجاہدین کو تہنیت پیش کی جائے گی۔ 1