نئی دہلی : وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے ہفتہ کو دسہرہ کے مبارک موقع پر مغربی بنگال کے سکنا ملٹری اسٹیشن میں روایتی شستر پوجا کی۔ ہندوستانی فوج میں یہ اہم تقریب قوم کی خودمختاری کے محافظوں کے طور پر ہتھیاروں کے احترام کی علامت ہے ۔ وزیر دفاع نے کلش پوجا سے رسم کا آغاز کیا، اس کے بعد شستر پوجا اور گاڑیوں کی پوجا کی۔ انہوں نے متعدد جدید فوجی ساز و سامان کی پوجا بھی کی جن میں جدید ترین پیدل فوج، توپ خانہ اور مواصلاتی نظام، نقل و حرکت کے پلیٹ فارم اور ڈرون سسٹم شامل ہیں۔ پروگرام وزیر دفاع کی فوجیوں کے ساتھ گفتگو کے بعد اختتام پذیر ہوا۔ سنگھ نے سرحد پر امن اور استحکام کو برقرار رکھنے میں مسلح افواج کی چوکسی اور اہم کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ دسہرہ برائی پر اچھائی کی فتح کی علامت ہے اور فوجیوں کو انسانی اقدار کا یکساں احترام ہے ۔ وزیر دفاع نے کہا، ہندوستان نے نفرت یا بغض کی وجہ سے کبھی کسی ملک پر حملہ نہیں کیا۔ ہم صرف اس وقت لڑتے ہیں جب کوئی ہماری سالمیت اور خود مختاری کی توہین کرتا ہے یا اسے نقصان پہنچانے کی کوشش کرتا ہے ، جب مذہب، سچائی اور انسانی اقدار کے خلاف جنگ چھیڑی جاتی ہے یہی ہمہں وراثت میں ملا ہے ۔