راجندر اور ہریش راؤ باصلاحیت قائدین ٹی آر ایس کی قیادت دینے ویشویشور ریڈی کا مشورہ

   

حیدرآباد ۔ سابق رکن پارلیمنٹ کونڈا ویشویشور ریڈی نے ریاستی وزراء ای راجندر اور ای ہریش راؤ کی زبردست ستائش کی اور کہا کہ یہ دونوں قائدین انہیں کافی پسند ہیں۔ وہ دونوں قائدین کی کارکردگی سے متاثر ہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ویشویشور ریڈی نے کہا کہ راجندر اور ہریش راؤ بات کم کرتے ہیں اور زیادہ سنتے ہیں جبکہ کے سی آر اور کے ٹی آر کو چاہئے کہ ٹی آر ایس کی قیادت ہریش راؤ یا راجندر کے حوالہ کردیں۔ اگر ایسا کیا جائے تو وہ دوبارہ ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلیں گے۔ ویشویشور ریڈی نے بتایا کہ انہوں نے ای راجندر سے ملاقات کے لئے وقت مانگا ہے لیکن ابھی تک ملاقات کا موقع نہیں ملا۔ ٹیلی فون ٹیپنگ کے خوف سے ٹی آر ایس قائدین ان سے بات چیت کرنے سے گھبرا رہے ہیں۔ انہوں نے راجندر کی قائدانہ صلاحیتوں کی زبردست ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ راجندر اپنی علیحدہ پارٹی قائم کرتے ہوئے بڑے عوامی قائد بن سکتے ہیں۔