حیدرآباد ۔ /16 جنوری (سیاست نیوز) راجندر نگر پولیس حدود میں ایک واقعہ میں رہائشی اپارٹمنٹ میں ایک خاتون ماڈل نے اپنی سالگرہ کی تقریب کے بعد پھانسی لے کر خودکشی کرلی ۔ بتایا جاتا ہے کہ 22 سالہ سمیرا بیگم عرف ایرم خان جو ماڈلنگ کیا کرتی تھی اور وجئے نگر کالونی کی ساکن تھی ۔ وہ والدین سے کچھ عرصہ سے علیحدہ تھی اور راجندر نگر میں مغل میڈوس اپارٹمنٹ کی تیسری منزل کے فلیٹ نمبر 204 مقیم تھی ۔ بتایا جاتا ہے کہ /7 جنوری کو اس نے اپنی سالگرہ منائی تھی اور اس کے بعد سے فلیٹ کا دروازہ نہیں کھولا ۔ فلیٹ سے تعفن نتیجہ میں مقامی افراد نے پولیس کو آگاہ کیا اور راجندر نگر پولیس کی ایک ٹیم وہاں پہنچ کر دروازہ توڑ کر فلیٹ میں داخل ہوئی اور ایرم خان کو پنکھے سے پھانسی سے لٹکا ہوا پایا ۔ بتایا جاتا ہے کہ ایرم خان کی نعش مسخ شدہ ہوگئی تھی اور پولیس نے اسے پوسٹ مارٹم کیلئے دواخانہ عثمانیہ کے مردہ خانہ منتقل کیا ۔ پولیس راجندر نگر نے اس سلسلہ میں مشتبہ حالت میں موت واقع ہونے کا ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا ہے اور اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس راجندر نگر مسٹر گنگادھر کی نگرانی میں تحقیقات کی جارہی ہے ۔ پولیس نے مذکورہ اپارٹمنٹ کے سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کرلیا ہے اور اس بات کا پتہ لگایا جارہا ہے کہ کس وجہ سے ایرم خان نے خودکشی کی ہے یا پھر اس کا قتل کیا گیا ہے ۔ سالگرہ میں شامل ہونے والے افراد کی بھی فہرست جمع کی گئی ہے اور تحقیقات کیلئے اس کے ساتھیوں کو طلب کیا جائے گا ۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔