چارمینار ، جوبلی ہلز، کوکٹ پلی ، اپل اور دیگر علاقوں میں آلودہ فضاء
حیدرآباد: حیدرآباد میں راجندر نگر کا علاقہ آلودگی کے اعتبار سے محفوظ ترین علاقہ پایا گیا جبکہ پاشامئیلارم علاقہ میں سب سے زیادہ آلودگی پائی گئی ہے۔ تلنگانہ اسٹیٹ پولیوشن کنٹرول بورڈ نے حیدرآباد میں آلودگی سے پاک اور صحت بخش ہوا کی موجودگی سے متعلق مختلف علاقوں کا تجزیہ کیا ہے۔ بورڈ کے اعداد و شمار کے مطابق راجندر نگر کا علاقہ آلودگی سے پاک ہوا کی موجودگی کا مرکز ہے۔ گریٹر حیدرآباد کے 24 مختلف علاقوں میں ایر کوالیٹی انڈکس کے تحت آلودگی کا جائزہ لیا گیا۔ راجندر نگر میں ہوا میں آلودگی کی کمی کے نتیجہ میں صورتحال کو بہتر اور اطمینان بخش زمرہ میں شامل کیا گیا ۔ 2020 کے دوران آلودگی سے پاک ہوا کیلئے راجندر نگر کا علاقہ سرفہرست رہا۔ 2019 ء میں بھی یہ علاقہ شہر کے دیگر علاقوں کے مقابلہ آلودگی سے پاک پایا گیا تھا ۔ایر کوالیٹی انڈکس کے تحت صفر تا پچاس کے زمرہ کو بہتر زمرہ میں شامل کیا جاتا ہے جبکہ 51 سے 100 کا زمرہ اطمینان بخش کے تحت آتا ہے ۔ فضائی آلودگی کا جائزہ لینے کیلئے مختلف زمرہ طئے کئے گئے ہیں ۔ بورڈ کے مطابق ڈسمبر میں راجندر نگر کے علاقہ میں ایر کوالیٹی انڈکس 73 ریکارڈ کیا گیا ۔ اپریل اور ستمبر کے درمیان فضاء آلودگی سے پاک رہی۔ دیگر علاقوں میں گاڑیوں کی آمد و رفت میں اضافہ کے نتیجہ میں زائد آلودگی ریکارڈ کی گئی ہے۔ بورڈ کے مطابق راجندر نگر کے علاقہ شجرکاری اور سر سبز و شاداب علاقوں کی کثرت ہے جس کے نتیجہ میں فضاء میں کم آلودگی ریکارڈ کی گئی۔ پاشامئیلارم علاقہ میں صنعتی اداروں کی کثرت کے نتیجہ میں آلودگی زیادہ ریکارڈ کی گئی۔ پولیوشن کنٹرول بورڈ نے اس علاقہ کو اوسط علاقہ کے طورپر نشاندہی کی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شہر کے دیگر علاقوں جیسے اپل ، چارمینار ، مادھا پور ، جوبلی ہلز اور کوکٹ پلی میں آلودگی کی شرح زیادہ ہے۔ گاڑیوں کی زائد آمد و رفت کے نتیجہ میں یہ علاقے آلودگی سے متاثر ہوئے ہیں۔ صنعت نگر کے علاقہ میں جہاں صنعتوں کی تعداد زیادہ ہے ، وہ علاقہ بھی فضائی آلودگی کا شکار رہا۔ پولیوشن کنٹرول بورڈ ہر سال آلودگی سے پاک فضاء سے متعلق علاقوں کی نشاندہی کرتا ہے۔