راجندر نگر میں ایس ٹی بوائز ہاسٹل کے 22 طلبہ کورونا سے متاثر دو اسٹاف ممبرس کا نتیجہ بھی پا زیٹیو

   

حیدرآباد: رنگا ریڈی ضلع میں واقع ایس ٹی بوائز ہاسٹل راجندر نگر میں 22 طلبہ اور ہاسٹل ویلفیر آفیسر کے علاوہ ایک واچ مین کورونا پازیٹیو پائے گئے ہیں۔ کمشنر قبائلی بہبود ڈاکٹر کرسٹینا چنگٹو کے مطابق محکمہ صحت کی ٹیم نے 18 مارچ کو ہاسٹل کے طلبہ اور اسٹاف کا کورونا ٹسٹ کیا۔ 92 طلبہ اور اسٹاف ممبرس کے معائنہ کے دوران 22 طلبہ اور ایک ہاسٹل ویلفیر آفیسر اور ایک واچ مین کے ٹسٹ کا نتیجہ پازیٹیو رہا۔ دسویں ، نویں اور آٹھویں جماعتوں کے فی کس 7 طلبہ اور ساتویں جماعت کا ایک طالب علم متاثر ہوا ہے۔ کلکٹر ضلع رنگا ریڈی کی ہدایت پر ڈسٹرکٹ میڈیکل اینڈ ہیلت آفیسرکی نگرانی میں طلبہ اور اسٹاف کو ہاسٹل میں کورنٹائن کیا گیا ہے۔ باقی طلبہ جن کا ٹسٹ منفی رہا، انہیں مکانات بھیجنے کا انتظام کیا گیا ۔ کورنٹائن طلبہ اور اسٹاف کیلئے ٹوئیٹی ڈاکٹر اور ضروری ادویات کا ڈسٹرکٹ میڈیکل اینڈ ہیلت آفیسر رنگا ریڈی نے انتظام کیا ہے۔ ڈرائی فروٹس اور دیگر غذائی اشیاء سربراہی کی جارہی ہیں۔ صورتحال پر گہری نظر رکھی گئی ہے اور متاثرین کی صحت کی خصوصی نگرانی کی جارہی ہے ۔