راجندر نگر میں حیڈرا کی انہدامی کارروائی

   

پارکس کی اراضی پر غیر مجاز قبضوں کو برخواست کردیا گیا

حیدرآباد۔15۔اکٹوبر(سیاست نیوز) راجندرنگر میں پارکس کی اراضی پر کئے گئے قبضہ جات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ’حیڈرا‘ نے قبضہ جات کو برخواست کردیا ہے۔ ’حیڈرا‘ کی جانب سے کی گئی کارروائی کے دوران جنا چیتنیہ کالونی کے مرحلہ 1اور2میں کی گئی کارروائی کے دوران 19ہزار878 مربع گز اراضی کو بازیاب کیاگیا ہے اور کہا جارہا ہے کہ 139کروڑ مالیت کی اس اراضی کو ’حیڈرا‘ نے واپس حاصل کرتے ہوئے ان کی جگہ منصوبہ کے مطابق پارکس کو فروغ دینے کے اقدامات کا فیصلہ کیاہے۔تفصیلات کے مطابق ’حیڈرا‘ کو پرجاوانی پروگرام کے دوران موصول ہونے والی شکایات کی بنیاد پر ان اراضیات کے ریکارڈس کا جائزہ لیتے ہوئے انہیں واپس حاصل کرنے کے لئے سروے شروع کیاگیا تھا اور اس سروے کے دوران اس بات کا انکشاف ہوا کہ حیدرآباد میٹرو پولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی جو کہ سابق میں حیدرآباد اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی ہوا کرتی تھی کی جانب سے 120 ایکڑ پر محیط جنا چیتنیہ ہاؤزنگ کے لے آؤٹ کو منظوری دی گئی تھی اور اس لے آؤٹ میں موجود پارکس کی اراضیات پر قبضہ کیا جانے لگا تھا اور اس کی شکایات مقامی عوام نے ’حیڈرا‘ سے کی تھی۔ عہدیداروں نے بتایا کہ ان شکایات کے موصول ہونے کے بعد سروے اور دستاویزات کی تنقیح کے دوران اس بات کا انکشاف ہوا کہ ان لے آؤٹس میں پارکس کے لئے موجود اراضی پر قبضہ کرتے ہوئے ان کی حد بندی کردی گئی تھی لیکن ’حیڈرا‘ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اس قبضہ کو برخواست کرنے کے اقدامات کئے ۔ذرائع کے مطابق جنا چیتنیہ پراجکٹس کی جانب سے کی گئی پلاٹنگ میں موجود پارکس کی ان اراضیات پر قبضہ کرتے ہوئے انہیں فروخت کرنے کی کوشش کی جار ہی تھی جسے ’حیڈرا‘ کی کارروائی کے ذریعہ ناکام بنادیا گیا ہے۔ ’حیڈرا‘ کے عہدیداروںنے ان قبضہ جات کو برخواست کرنے کی کارروائی کی تکمیل کے ساتھ ہی ان اراضیات پر جہاں پارک بنائے جانے ہیں انہیں اپنے قبضہ میں لیتے ہوئے ان کی حصاربندی کردی ہے تاکہ دوبارہ کوئی اس اراضی پر اپنا دعویٰ پیش نہ کرسکے۔مقامی عوام نے بتایا کہ صبح کی اولین ساعتوں کے دوران ’حیڈرا‘ کے بلڈوزرس کے ساتھ کی گئی اس کارروائی کے دوران بعض گوشوں سے رکاوٹ پیدا کرنے کی کوشش کی گئی لیکن اس کارروائی کو مکمل کرنے کے بعد قبضہ حاصل کرتے ہوئے ’حیڈرا‘ نے ان پارکس کی اراضیات کو بازیاب کرلیا۔ 3