حیدرآباد :۔ مئیر گدوال وجئے لکشمی نے ڈپٹی مئیر ایم سری لتا اور دیگر عہدیداروں کے ساتھ راجندر نگر میں نالوں میں جمع ہونے والی مٹی اور ریت کو نکال کر ان کی صفائی اور صحت و صفائی سے متعلق امور پر چہارشنبہ کو ایک جائزہ اجلاس منعقد کیا ۔ جی ایچ ایم سی ہیڈ آفس پر منعقدہ اس اجلاس میں کارپوریٹرس نے مئیر کو بتایا کہ اوراچیرو ، شیورام پلی ، اپاچیرو کے لیے کوئی مناسب نالے نہیں ہیں کیوں کہ ان مقامات پر بڑے حصہ پر غیر قانونی قبضے کئے گئے ہیں ۔ جس کی وجہ اطراف کی کالونیز کے زیر آب ہونے کا خطرہ لاحق ہے اور اس سے مچھروں کی افزائش کا خطرہ بھی بڑھ گیا ہے ۔ مئیر نے کہا کہ وہ زونل کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ اس علاقہ کا دورہ کر کے حقیقی صورتحال کا جائزہ لیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ کارپوریٹرس کو صحت و صفائی کے کاموں کے سلسلہ میں سنیٹیشن ورکرس کو توجہ دلانی چاہئے ۔ نیز مئیر نے اے ایم او ایچس سے کہا کہ انہیں کارپوریٹرس کی جانب سے صحت و صفائی ، مچھروں کے مسائل سے متعلق موصول ہونے والی شکایتوں کو ان کے علم میں لایا جائے تاکہ وہ اس سلسلہ میں مناسب کارروائی کرسکے ۔ اس اجلاس میں زونل کمشنرس ، کارپوریٹرس شنکر ، جئے پرکاش ، سنگیتا ، آرچنا ، راما راؤ ، مبین اور نواز ، اے ایم او ایچ پدما ، ایس ای ، بی نرسنگ راؤ ، نریندر گوڑ ای ای ، اے سی پی رانی نے شرکت کی ۔۔