راجندر نگر میں کمسن بچوں کی مشتبہ موت

   

حیدرآباد /13 نومبر ( سیاست نیوز ) راجندر نگر کے علاقہ میں دو کمسن لڑکیوں کی مشتبہ موت کا واقعہ پیش آیا ۔ جنہیں حرابی صحت کے سبب مقامی ہاسپٹل منتقل کیا گیا تھا ۔ تاہم ایک لڑکی نیلوفر اور ایک لڑکی میاں پورکے ہاسپٹل میں فوت ہوگئی ۔ جو چند روز سے یورینل پرابلم سے مسائل کا شکار تھی ۔ راجندر نگر پولیس ذرائع کے مطابق ایم ایم پہاڑی راجندر نگر علاقہ کے ساکن مستان علی کی دختران 9 سالہ معراج بیگم اور ان کی بڑی بہن مہک بیگم علاج کے دوران فوت ہوگئی ۔ ذرائع کے مطابق ان دونوں لڑکیوں کو پیشاب کے مسائل سے پریشانی تھی اور انہیں راجندر نگر حدود کے ایک مقامی ہاسپٹل سے رجوع کیا گیا تاہم یہاں تشخیص اور علاج کے بعد ان کی صحت میں کوئی تبدلی و بہتری نہیں آئی ۔ جس کے بعد ان لڑکیوں کی دادی نے انہیں اپنے مکان واقع حفیظ پیٹ طلب کرلیا اور میاں پور کے ایک بڑے ہاسپٹل میں انہیں علاج کیلئے رجوع کیاگیا ۔ تاہم یہاں ان ڈاکٹرس نے دونوں بہنوں کی طبی جانچ اور تشخیص کے بعد مستان کی چھوٹی دختر معراج بیگم کو شریک دواخانہ کرنے سے انکار کردیا اور اس لڑکی کو نیلوفر ہاسپٹل رجوع کرنے کا مشورہ دیا گیا ۔ ڈاکٹرس کے مشورہ پر معراج کو نیلوفر اور مہک کو میاں پور کے ہاسپٹل میں علاج جاری تھا ۔ کل رات معراج اور آج صبح کے اوقات مہک فوت ہوگئیں ۔ پولیس راجندر نگر نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور بتایا کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد ہی ان لڑکیوں کی اموات کی اصلی وجہ کا پتہ چلے گا ۔ پولیس راجندر نگر مصروف تحقیقات ہے ۔