حیدرآباد ۔ 2نومبر ( سیاست نیوز) راجندر نگر پولیس اسٹیشن حدود میں دن دہاڑے رہزنی کی سنگین واردات پیش آئی ۔ اس واردات نے راجندر نگر پولیس کی چوکسی پر سوالیہ نشان لگا دیا اور پولیس کی مبینہ لاپرواہی کی مثال بن گیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ چندرا کلا نامی خاتون کے گلے سے طلائی چین کا سرقہ کرلیا گیا ۔ چندرا کلا ویٹرنری ہاسپٹل راجندر نگر میں ہلپر کا کام کرتی ہے جو آج دوپہر اپنے مکان لنچ کرنے جارہی تھی کہ وہ دو نامعلوم افراد اچانک سڑک پر نمودار ہوگئے جو موٹر سائیکل پر سوار تھے ۔ یہ اجنبی افراد چندرا کلا کے قریب پہنچے اور اس کے گلے سے طلائی چین کا سرقہ کرلیا جو تین تولہ کی بتائی گئی ہے ۔ رہزنی کی یہ واردات سی سی ٹی وی میں ریکارڈ کرلی گئی ۔ چندرا کلا نے واردات کے فوری بعد پولیس راجندر نگر میں شکایت کردی ۔ پولیس نے سی سی ٹی وی کی مدد سے رہزنوں کی تلاش شروع کردی ہے ۔ع