سودی رقم کا لین دین قتل کی اصل وجہ ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس شمس آباد کی پریس کانفرنس
حیدرآباد: راجندر نگر پی وی این آر ایکسپریس وے کے قریب کل رات دیر گئے قتل کی واردات پیش آئی جس میں ایک مقامی مجلس لیڈر کو رقمی لین دین کے معاملہ میں موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔ سائبر آباد پولیس نے اس خوفناک واردات میں ملوث تین ملزمین کو اندرون 12 گھنٹے گرفتار کرکے ہتھیار بھی ضبط کرلئے۔ تفصیلات کے مطابق 33 سالہ محمد خلیل جو راجندر نگر ایم ایم پہاڑی ڈیویژن کا مجلسی صدر تھا ، نے ایک ہوٹل کے مالک شیخ رشید کو سود پر 15 لاکھ روپئے قرض دیا تھا۔ رشید نے اس رقم سے ہوٹل کی تزئین نو کی تھی لیکن کورونا لاک ڈاون ہوگیا ۔ کاروبار بند رہنے کے باوجود رشید ‘خلیل کو ماہانہ اقساط پر رقم ادا کر رہا تھا ۔ رشید لاک ڈاون کے نتیجہ میں قرض کا شکار ہوگیا تھا اور اس نے مجلسی لیڈر خلیل سے 50 لاکھ روپئے بطور قرض دینے کا مطالبہ کیا لیکن مقتول نے قرض کیلئے ہوٹل حوالے کرنے کی تجویز کی۔ ڈپٹی کمشنر پولیس شمس آباد این پرکاش ریڈی نے پریس کانفرنس میں تفصیلات کا انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ محمد خلیل رشید کو رقم کی ادائیگی کیلئے ہراساں کر رہا تھا جس سے وہ تنگ آچکا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ رشید نے اپنے دو ساتھیوں محمد عظمت اور سید عمران جو ایم ایم پہاڑی کے ساکن ہیں ، کے ساتھ قتل کا منصوبہ بنایا اور دو تیز دھار ہتھیار اور سمنٹ کی اینٹیں خریدیں۔ 10 ڈسمبر کو رات دیر گئے کلیدی ملزم رشید نے مقتول کو رقم حوالے کرنے ایچ ایم کنونشن شادی خانہ طلب کیا اور عظمت اور عمران پہلے سے آٹو میں موجود تھے۔ خلیل اپنی موٹر سیکل پر پہنچ گیا اور بات کرنے کے دوران دونوں ملزمین نے پیچھے سے اس کے سر پر وار کردیا جس کے نتیجہ میں خلیل نے بھاگنے کی کوشش کی لیکن اسے پلر نمبر 248 تک پہنچنے پر اس پر تیز دھار ہتھیاروں اور سمنٹ کی بڑی اینٹوں سے سر پر وار کرکے قتل کردیا۔ قتل کے بعد ملزمین فرار ہوگئے لیکن پولیس نے انہیں گرفتار کرلیا اور ہتھیار وغیرہ ضبط کرکے عدالت میں پیش کردیا۔ اس خوفناک منظر کو بعض افراد نے فون میں قید کیا اور یہ ویڈیو سوشیل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔