راجندر کی تائید کے مسئلہ پر کانگریس میں اختلافات

   

مقامی کانگریس قائد کی ہٹ دھرمی، پونم پربھاکر کا ہائی کمان کو مکتوب
حیدرآباد۔ سابق وزیر ای راجندر کی تائید کے مسئلہ پر کانگریس پارٹی میں اختلافات پیدا ہوچکے ہیں۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی اور رکن پارلیمنٹ ریونت ریڈی نے راجندر کے حق میں بیانات جاری کئے لیکن حضورآباد کے کانگریس قائد پی کوشک ریڈی ہائی کمان کی ہدایت کے باوجود راجندر کے خلاف سخت بیانات جاری کررہے ہیں۔ ٹی آر ایس حکومت سے راجندر کی برطرفی کے بعد سے کانگریس نے محتاط رویہ اختیار کیا ہے۔ کانگریس پارٹی کا موقف ہے کہ اراضیات پر قبضہ کے سلسلہ میں اگر راجندر کے خلاف کارروائی کی گئی تو پھر ملاریڈی، جی کملاکر اور دیگر وزراء کے خلاف بھی کارروائی کی جانی چاہیئے جن پر اراضیات پر قبضوں کا الزام ہے۔ اتم کمار ریڈی اور ریونت ریڈی نے راجندر کے خلاف کارروائی کو چیف منسٹر کا انتقامی رویہ قرار دیا اور اس معاملہ کی آزادانہ تحقیقات کی مانگ کی۔ گزشتہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس کے ٹکٹ پر راجندر کے خلاف مقابلہ کرنے والے شکست خوردہ امیدوار کوشک ریڈی وقفہ وقفہ سے راجندر کو نشانہ بنارہے ہیں۔ جبکہ ہائی کمان نے انہیں بیانات میں احتیاط کا مشورہ دیا ہے۔ سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا اور اے آئی سی سی ترجمان شراون دونوں ای راجندر سے ملاقات کرچکے ہیں۔ ریونت ریڈی کے علاوہ ایم ایل سی جیون ریڈی اور رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے بھی راجندر کے موقف کی تائید کی اور الزامات کا سامنا کرنے والے دیگر وزراء کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ اسی دوران کریم نگر سے تعلق رکھنے والے سابق رکن پارلیمنٹ پونم پربھاکر نے اے آئی سی سی جنرل سکریٹری مانکیم ٹیگور کو مکتوب روانہ کرکے راجندر کے مسئلہ پر یکساں موقف اختیار کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔