جموں،27جون(یو این آئی)فوج کی وائٹ نائٹ کور کے جنرل آفیسر کمانڈنگ پی کے مشرا نے جمعہ کو جموں و کشمیر کے سرحدی ضلع راجوری کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے علاقے میں جاری آپریشنل تیاریوں اور سیکیورٹی کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا۔وائٹ نائٹ کور کے آفیشل ایکس ہینڈل سے جاری بیان میں کہا گیا کہ جی او سی نے رومیو فورس کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا اور پونچھ و راجوری جیسے حساس علاقوں میں جاری انسداد دہشت گردی کارروائیوں کی تعریف کی۔لیفٹیننٹ جنرل مشرا نے افسران اور اہلکاروں پر زور دیا کہ وہ اعلیٰ سطح کی تیاری برقرار رکھتے ہوئے آپریشنل علاقہ پر مسلسل نظر رکھیں اور کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کیلئے ہر وقت تیار رہیں۔فوکَس یہ ہے کہ علاقے میں آپریشنل بالادستی برقرار رکھی جائے اور ہر وقت مکمل تیار رہنے کی پوزیشن میں رہا جائے ۔’واضح رہے کہ رومیو فورس، راشٹریہ رائفلز کی ایک اہم یونٹ ہے ، جو راجوری اور پونچھ جیسے سرحدی اضلاع میں دہشت گردی کے خلاف مستقل اور جارحانہ کارروائیاں انجام دے رہی ہے ۔