جموں: جموں وکشمیر کے ضلع راجوری میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے نوشہرہ سیکٹر میں پاکستانی فوج کی فائرنگ سے بھارتی فوج کا ایک حوالدار جاں بحق ہوگیا ہے ۔جموں میں تعینات دفاعی ترجمان لیفٹیننٹ کرنل دیویندر آنند نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ دس جولائی یعنی جمعے کو پاکستانی فوج نے ضلع راجوری میں ایل او سی کے نوشہرہ سیکٹر میں بلا اشتعال جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی۔انہوں نے کہا: ‘ہمارے فوجیوں نے دشمن کی فائرنگ کا منہ توڑ جواب دیا۔ فائرنگ کے واقعہ میں حوالدار سامبور گورنگ شدید طور پر زخمی ہوئے اور بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے ‘۔دفاعی ترجمان نے مزید بتایا کہ حوالدار سامبور گورنگ ایک بہادر، انتہائی پرعزم اور ایک مخلص فوجی تھے ۔ انہوں نے کہا کہ قوم مہلوک فوجی کی ہمیشہ احسان مند رہے گی۔